skip to Main Content
عبدالہادی قریشی نمائندہ گلدستہ علم و ادب ،سیرالیون :ساتواں سالانہ مقابلہ تلاوت احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون

رمضان کریم اور قرآن کریم کے گہرے تعلق کو مد نظر رکھتے ہوئے احمدیہ مسلم ریڈیو سیرالیون ہر سال ملکی سطح پر مقابلہ تلاوت کا انعقاد کرتا ہے۔مکرم عبدالحئی ناصر مربی سلسلہ احمدیہ ریڈیو کے انچارج نے یہ مقابلہ آج سے سات سال پہلے شروع کروایا تھا۔ مکرم محمد مورث کمارامربی سلسلہ نے بھی پروگرام کے انعقاد میں خصوصی تعاون فرمایا۔ پہلے سالوں میں یہ مقابلہ صرف خدام الاحمدیہ کی سطح تک محدود تھا، مگر اس سال پہلی بار اطفال الاحمدیہ کی سطح پر بھی اس مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔
رمضان کی آمد کے ساتھ ساتھ تمام اضلاع میں مقابلہ کی اطلاع اور نصاب بھجوا دیا گیا تا وہ ضلعی سطح پر مقابلہ جات کروا کر اول اور دوم آنے والے اطفال اور خدام کی آڈیوز احمدیہ ریڈیو کو بھجوا دیں، جن میں سے پانچ اطفال اور دس خدام کو فائنل راونڈ کے لئے سلیکٹ کیا گیا۔
26مئی 2019ءکو فائنل راونڈ کا انعقاد احمدیہ مسلم جماعت کے ہیڈ کوارٹر فری ٹاون میں کیا گیا۔ یہ مقابلہ لائیو تھا ور احمدیہ مسلم ریڈیو فری ٹاون اور بو ٹاون نے اسے براہ راست نشر کیا۔ مقابلہ کےچیف جج مکرم افتخار احمد گوندل ،ریجنل مبلغ واٹر لو ریجن تھے۔ یہ مقابلہ ملک بھر میں مقبول ہے اور اس سال بھی مقابلہ کے بعد احمدی و غیر احمدی احباب فون اور SMS کر کے اس مقابلے کے انعقاد پر مبارکباد دیتے رہے اور اسے سراہتے رہے۔ ایک غیر احمدی دوست مکرم اسماعیل ایم سانکو (Mr. Ismael M Sankoh)نے SMS پر کہا کے ہمیں یہ جھوٹ بتایا جاتا تھا کہ احمدیہ جماعت کا قرآن اور ہے اور وہ مختلف طریقے سے تلاوت کرتے ہیں مگر آج کے مقابلہ کو سن کر مجھ پر یہ واضح ہو گیا ہے کہ یہ باتیں جھوٹ اور پراپیگنڈا ہیں۔
فائنل پروگرام کے مہمان خصوصی مکرم مولانا سعیدالرحمن تھے ۔ فائنل راونڈ میں پوزیشن حاصل کرنے والے شرکاء کو نقد انعامات اور قرآن کریم کے تحائف سے نوازا گیا۔ مکرم امیر صاحب نے شرکاء میں انعامات تقسیم فرمائے اور خطاب فرمایا۔ اور دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام ہوا۔
مقابلے کا نصاب (خدام)سورۃ اعراف آیت 202۔207
سورۃ یوسف آیت 1۔7 سورۃ الزمر آیت 24۔30
مقابلے کا نصاب (اطفال) سورۃ البقرہ آیت 1۔8
سورۃ القدر سورۃ الضحی
اطفا ل الاحمدیہ میں عزیزم میر ہشام احمد، لنگے ریجن نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور خدام الاحمدیہ میں عزیزم مینکائلو ایس طولی (Minkilu S Tholly) (موصوف سینئر سکول کے طالب علم ہیں اور اپنے خاندان میں اکیلے احمدی ہیں، اور بہت فعال خادم ہیں، اور اپنی مجلس کے منتظم اطفال بھی ہیں، مبلغ مکینی ریجن بیان کرتے ہیں کے موصوف حضور انورایدہ اللہ کو باقاعدگی سے خطوط لکھتے ہیں) مجلس سٹیشن روڈ،مکینی ریجن نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن کو پڑھنے، سمجھنے، اور اس پر کما حقہ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

image_printپرنٹ کریں