skip to Main Content
امۃ الباری ناصرؔ۔امریکہ: میرا محمد مصطفیﷺ

سب حسینوں سے حسیں میرا محمد مصطفیؐ
شاہد و مشہود حق خیرالبشر خیرالوریؐ
ہے شہِ کون و مکاں لاریب محبوبِ خدا
حامل قرآن ہے اور حاصل ِ ارض و سما
صلّ علی بارک علی حضرت محمد مصطفیؐ

کل عالمیں کے واسطے رحمت بنایا آپ ؐ کو
سب بے کسوں کے درد کا امرت بنایا آپؐ کو
غم کے ماروں کے لئے راحت بنایا آ پؐ کو
ہے مطلع نور خدا پر نور چہرہ آپؐ کا
صلّ علی بارک علی حضرت محمد مصطفیؐ

ہم پہ یہ توہیں کی تہمت بڑا آزار ہے
چیر کے دل کیسے دکھلاؤں کہ کتنا پیار ہے
خوں کا ہر قطرہ برائے احمد مختارؐ ہے
کوئی نظروں میں سمایا ہی نہیں اس کے سوا
صلّ علی بارک علی حضرت محمد مصطفیؐ

آپؐ کے لطف وکرم سے عاجزہ کو آس ہے
وہ عنایت کیجئے جو آپؐ ہی کے پاس ہے
یعنی جو اذن شفاعت آپؐ ہی سے خاص ہے
میرے سر پہ ہاتھ رکھ دیجئے خدا کا واسطہ
صلّ علی بارک علی حضرت محمد مصطفیؐ

image_printپرنٹ کریں