skip to Main Content
عرفان احمد خان۔ جرمنی:  جلسہ گاہ ،جرمنی کی تیاری کے لئے وقار عمل

جلسہ سالانہ جرمنی مورخہ 7-6-5جولائی2019ء کو کا لسروئے جرمنی میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس کے لئے تیاری  مورخہ 28جون کو وقار عمل کے ساتھ  مکرم ندیم  احمد ناظم تیاری جلسہ گاہ کی نگرانی  میں شروع ہوئی۔

اس موقع پر ایک مختصر سی تقریب بھی  منعقدہوئی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم محمد الیاس مجوکہ افسر جلسہ سالانہ  نے عمومی ہدایات دیں اور جلسہ سالانہ کی اہمیت اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی طرف توجہ دلائی۔بالخصوص تَعَاوَنُوْ اعَلَی الْبِّرِ وَ التَّقْویٰ اور کسی کی دل آزاری سے پرہیز کرنے  کی تلقین کی ۔مکرم صداقت احمد مشنری انچارج نے نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ دنیاوی کاموں کا حرج کر کے خدا کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے یہاں آئے ہیں۔ خداکی رضا کا حصول ہر وقت مد نظر رہنا چاہئے۔ آپ کا کوئی فعل خدا کو ناراض کرنے والا نہ ہونا۔صبر سے کام لیتے ہوئے ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھیں۔کام کے دوران نمازیں ضرور ادا کریں۔

مکرم احمد کمال افسر خدمت خلق ، مکرم راشد ارشد خاں نائب افسر نے بھی ہدایات دیں اور مکرم مشنری  انچارج صاحب نے دعا کروائی۔اور یوں کام کا آغاز ہوا۔

مکرم امام صداقت احمد صاحب نے نماز جمعہ  بھی پڑھائی۔ خطبہ جمعہ میں امام صداقت احمد صاحب نے دعا کی اہمیت بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کام کے احسن طور پر ہونے اور بر وقت ہونے کے لئے دعا کرنے کے علاوہ عبادت اور نیکی کی قبولیت کے لئے بھی دعا کرنی چاہئے۔سورۃ فاتحہ میں دعا کا جو مضمون بیان ہوا ہے، امام صاحب نے آنحضرت ﷺ کی زندگی سے مثالیں دے کر سمجھاتے ہوئےتلقین کی کہ ان ایام میں جب آپ کام کررہے ہوں تو دل میں خدا کا خوف ہو اور زبان اس کی حمد کررہی ہو۔خطبہ جمعہ میں حاضری 630 تھی۔

 شام کو حضور انور کا خطبہ جمعہ بھی سنا۔پورے دن کے دوران ناشتہ، ظہرانہ اور عشائیہ کے علاوہ مختلف اشیاء سے بھی خدام کی تواضع کی گئی۔

وقار عمل کا دوسرا روز۔مورخہ29 جون

28اور29 جون  کی درمیانی رات 300 سے زائد کارکنان نے جلسہ گاہ میں ہی قیام کیا۔نماز فجر کی باجماعت ادائیگی اور ناشتہ وغیرہ سے فارغ ہو کر مورخہ 29 جون کو بھی وقارعمل کاآغاز ہوگیا۔علی الصبح ہی جرمنی بھر سے خدام جلسہ گاہ میں پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ آج چھوٹے بڑے 60 خیمہ جات لگائے گئے جن میں کھانے کے لئے مردوں اور عورتوں کی مارکیز بھی شامل تھیں۔ جن میں 4-4 ہزار افراد بیک وقت کھانا کھا سکتے ہیں۔

آج پرائیویٹ خیمہ جات جن میں مہمان اپنی فیملز  کے ساتھ کثرت سے قیام کرتے  ہیں کے ایریا کو بھی فائنل کیا گیا۔ لنگر خانہ کے چولہوں کا رنگ و روغن کیا گیا اور ان کی فٹنگ  کا کام بھی کر لیا گیا۔ نیز مردانہ بازار میں لکڑی کے اسٹالز بنانے کے کام کا آغاز بھی ہوا۔

دوپہر کو ماہرین  نے آگ لگنے کی صور ت میں قابو پانے کی ہدایات دیں۔ آج درجہ حرارت 34 ڈگری تھا۔ اس شدید گرمی اور دھوپ میں خدام نے پوری مستعدی اورتند ہی سے کام  کو جاری رکھا۔ آج دوسری طرف بیت السبوح فرینکفرٹ میں بھی جلسہ سالانہ کی تیاری کے سلسلہ میں کام ہوا۔ 400 سے زائد کارکنان نے حصہ لیا۔

وقار عمل کا تیسراروزمورخہ 30 جون

آج اتوار کو رخصت کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ خدام نے وقار عمل میں حصہ لیا۔ ایک وقت میں یہ تعداد 750 سے بھی تجاوز کر گئی۔ آج کے کاموں میں ہال نمبر 1 زنانہ جلسہ گاہ  کو مکمل کرنا تھا۔ چنانچہ پورے ہال میں کارپٹ  بچھا کر  سٹیج پربڑا بینر لگا دیا گیا۔ ایک ہزار کرسی بھی ترتیب سے لگائی گئی نیز لجنہ حصہ میں لجنہ بازار کو  بھی آج مکمل کیا گیا۔

ہال نمبر 2 لجنہ کی  ممبرات کی رہائش  کے لئے تیار ہوتا ہے اس پر 80 فیصد کام مکمل کیا گیا۔ اس ہال میں رات کو 3000 ممبرات سو سکیں گی۔

لنگر خانہ میں 156 چولہوں کی فٹنگ مکمل ہوئی اور سرکار کی چیکنگ کے بعد کنکشن بحال ہوگیا۔الحمد للہ

جلسہ گاہ  کا ویئر ہاؤس تقریباً ایک سو کلومیٹر دور ہے۔ وہاں سے سات ہزار میٹرس(فوم والا گدا) کی ڈلیوری کا کام شروع ہوگیا۔ شام تک تین ہزار میٹرس ٹرانسپورٹ کئے گئے۔

اس کے علاوہ مختلف کمپنیوں کی طرف سے آنےوالی ڈلیوری کو آف لوڈ کر کے سٹور میں پہنچانا بھی کارکنان کے ذمہ تھا۔

آج عارضی دفاتر کے لئے خیمہ جات کی تنصیب اور بک شاپ کا خیمہ لگانے اور فرنیچر وغیرہ کی ڈلیوری اور دفاتر میں پہنچانےکا بھی آغاز ہو گیا۔

آج جماعت احمدیہ ہیمبرگ  سے 8 خدام 550 کلو میٹر کا سفر سائیکلوں پر طے کرکے جلسہ سالانہ میں شمولیت اور خدمت خلق کے لئے پہنچے۔

تیاری کا چوتھا روز۔ مورخہ یکم جولائی

آج کل جرمنی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہے۔ اس  لئےشدید گرمی کی وجہ  سے بعض گروپس نے نماز فجر کی ادائیگی کے بعد ہی کام کا آغاز کردیا۔ آج 95 فیصد خیمہ جات کا کام مکمل ہوا اور 190 خیموں کی تکمیل ہوئی۔ مردانہ جلسہ گاہ ہال نمبر 4 انتظامیہ کی طرف سے ہمارے حوالے ہونے کے بعد اس کے سائیڈ(Side) کے خیمہ جات لگائے گئے۔ مردانہ ہال نمبر 3بھی Hand overہونے کے بعد اس میں صفائی ستھرائی کر کے فوم بچھایا گیا اور (Fence)باڑ لگائی گئی۔ آج تک 7000میٹرسز جلسہ گاہ پہنچ چکے ہیں۔

مردانہ اور زنانہ بازار ہر لحاظ سے مکمل ہوگئے۔ لجنہ بازار کی اس سال  زمین ہموار کی گئی اور سڑکیں بھی بنائی گئی تا عورتوں کے چلنے میں سہولت کے ساتھ ساتھ بچوں کی ویگن وغیرہ کے لئے بھی سہولت رہے قارئین جانتے ہیں کہ کچھ عرصہ سے چھوٹے بچوں کے لئے  الگ سے مارکیز لگائی جاتی ہیں۔ ان دونوں خیموں میں فوم اور کارپٹ بچھائے گئے اور لاؤڈ سپیکر، سکرین بھی لگوائی گئی۔

اس سال ہر دو خیموں کو ائیر کنڈیشنز کیاجا رہا ہے۔ آج کچھ کارکنان نے پارکنگ کے 7 ایریاز کی گھاس بھی کاٹی اور گڑھوں کو بھی مٹی سے پُر کیا۔

جلسہ سالانہ قریب آنے کی وجہ سے آج کام میں خاصی تیزی نظر آئی اور ہر شعبہ اپنے اپنے ذمہ کاموں کو مکمل کرنا چاہ رہا تھا۔ لوائے احمدیت لہرانے کا سٹیج بھی مکمل ہوگیا۔

مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہے۔ پاکستان، تنزانیہ، گھانا، انڈونیشیا، کبابیر، ملک شام اور ٹو گوسے آنے والے مہمانوں کو جامعہ احمدیہ میں ٹھہرایاگیا۔

وقار عمل کا  پانچواں روز 2 جولائی

وقار عمل میں حصہ لینے والوں کی تعداد 500 افراد سے زیادہ رہی۔ Baden صوبہ کے 250 خدام کی نئی فورس نے رات دس بجے Night Shift شروع کی ہے ۔

  • 180 خیمہ جات میں بجلی کا کام مکمل کرکے بجلی کی سپلائی بحال کر دی گئی۔
  • گیس کے چولہوں کی سرکار کی طرف سے انسپیکشن کروا کر لنگر کو تجرباتی انداز میں چلایا گیا۔
  • کچرے کو پریس کرنے والے 13 Container کی Testing کی گئی۔
  • شعبہ نظافت نے 400 Mühl Eimer پورے جلسہ گاہ میں جگہ جگہ رکھ کر جلسہ گاہ کو صاف رکھنے کا کام شروع کر دیا ۔
  • خواتین کے جلسہ گاہ کی ڈیکوریشن اور بینرلگانے کا کام پایہ تکمیل کو پہنچایاگیا۔
  • زنانہ جلسہ گاہ میں فینس(باڑ) کے اوپر پردے لگانے کا 60 فیصد کام آج ختم ہو سکا۔
  • لجنہ میں استقبال، رجسٹریشن، داخلہ جلسہ گاہ کے دفاتر خیموں میں مکمل تیار کر دیئے گئے۔
  • شعبہ ٹرانسپورٹ اور IT شعبہ نے آج جلسہ گاہ میں کام شروع کر دیا۔
  • مردانہ جلسہ گاہ اور مردانہ رہائش یعنی ہال نمبر1 اور 3 آج دس بجے رات جلسہ گاہ  انتظامیہ کو مل گئے ۔ جن پر کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ صبح تک کافی کام ختم ہو جانے کی توقع ہے۔ دن میں ڈیکوریشن، بینر لگانے اور سٹیج کا کام مکمل کیا جائے گا۔
  • پرائیوٹ خیمہ جات میں آج سے رہائش شروع ہو گی۔
  • آج 60 مہمان گیمبیا، گھانا،سپین، پولینڈ، انڈونیشیا، پاکستان سے جرمنی پہنچے جن کو جامعہ احمدیہ ہوسٹل میں ٹھہرایا گیا ہے۔

وقار عمل جلسہ گاہ  چھٹا روز ۔مورخہ3 جولائی

           آج وقار عمل میں 800 کارکنان حاضر رہے البتہ شام کو جب شعبہ جات کے دفاتر نے کام شروع کیا تو تعداد بڑھ اور گئی تھی۔ شعبہ تیاری جلسہ جمعہ سے بدھ کی دوپہر تک جلسہ کے کام کو مکمل کرنے کی ذمہ داری ادا کرتا ہے۔ اس دوران جو لوگ وقار عمل کے لئے آتے ہیں ان کی رجسٹریشن کی جاتی ہے۔ بدھ کی دوپہر کے بعد شعبہ جات کے اپنے کارکن آ جاتے ہیں۔ 

  • چنانچہ آج تمام شعبہ جات کے دفاتر مکمل کر کے ناظمین کے حوالے کر دئیے گئے۔ اب ناظمین کی ڈیمانڈ پوری کی جا رہی ہیں۔ ان کو مطلوبہ اشیاء فراہم کرنا دفتر تیاری جلسہ کی ذمہ داری ہے۔
  • جلسہ گاہ مردانہ ہال نمبر 4 میں کل رات دس بجے کام شروع ہوا تھا۔ 200 سے زائد کارکنان نے شفٹوں میں مسلسل کام کرکے 90 فیصد کام مکمل کر لیا ہے۔ آج نمازوں کی ادائیگی اسی ہال میں کی گئی۔
  • آج رات ساڑھے تین ہزار کرسی مخصوص جگہ پر رکھ دی جائے گی۔ کارپٹ پورے ہال میں بچھا دیا گیا ہے جلسہ گاہ کے ارد گرد حفاظتی نکتہ نگاہ اور پردے کی غرض سے  فینس (باڑ) ہر طرح سے مکمل ہو گئی۔
  • شعبہ اشاعت کی وسیع و عریض بک شاپ، تبلیغی نمائش، ایم ٹی اے سٹوڈیو اپنی اپنی جگہ setting کا کام شروع کر چکے ہیں۔
  • ترجمانی کے 18 کیبن بن گئے ہیں ان میں سسٹم کی فٹنگ کا کام شروع ہو گیا ہے۔ 

مہمانوں کی ایک بڑی تعداد دنیا کے مختلف ممالک سے آج جرمنی پہنچی۔ جن کے استقبال کے لئے فرینکفرٹ ائیر پورٹ پر استقبالیہ کاؤنٹر موجود ہے۔ مہمانوں کو بسوں کے ذریعہ جماعتی قیام گاہوں میں پہنچایا گیا اور بعد ازاں انہی بسوں پر نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے لئے بیت السبوح لے جایا گیا تاکہ حضور انور کی اقتداء میں نمازیں ادا کر سکیں۔ 

  آج کا سارا دن نیشنل امیر صاحب جرمنی نے مقام جلسہ گاہ میں گزارا اور کام کی نگرانی کی۔

بیت السبوح کی رونقیں

بیت السبوح میں حضور انور کے وہاں قیام کی بدولت سارا دن چہل پہل رہی۔ شعبہ ضیافت نے بیت السبوح میں 275 افراد کو ناشتہ کروایا اور تین ہزار سے زائد افراد کو کھانا کھلایا۔ 

  حضور انور نے آج پاکستان سے نئے آنے والے 209 احمدیوں کو شرف مصافہ بخشا اور ہر ایک سے ان کا پاکستان میں آبائی تعلق اور حال احوال پوچھا۔  اس کے علاوہ 72 فیملی ملاقاتیں کیں۔ 

  نماز مغرب سے قبل تقریب آمین میں 22 بچوں اور 16 بچیوں سے قرآن کریم ناظرہ سنا اوراجتماعی دعا کروائی ۔

image_printپرنٹ کریں