skip to Main Content
معائنہ انتظامات جلسہ سالانہ برطانیہ 2019ء

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ 28جولائی 2019ء کو 53ویں جلسہ سالانہ برطانیہ کے انتظامات کا جائزہ اور معائنہ فرمایا۔ دعا کے ساتھ حضور انور کا سفر اسلام آباد سے شروع ہوا۔
اسلام آباد، بیت الفتوح، جامعہ احمدیہ اور حدیقۃ المہدی میں کئے گئے انتظامات کا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے معائنہ فرمایا، بعض استفسارات فرمائے اور رہنمائی اور ہدایات عطا فرمائیں۔ رہائش گاہوں، مہمان نوازی، لنگر خانہ، روٹی پلانٹ، مردانہ و زنانہ جلسہ گاہ میں موجود سہولتوں، مرکزی اور جلسہ کے لئے دفاتر، بس سٹینڈ، ایم ٹی اے ٹرانسمشن و ٹرانسلیشن آفسز نیز ایم ٹی اے افریقہ، سٹور رومز اور دیگر انتظامات کا تفصیلی معائنہ فرمایا۔
ڈیوٹیاں دینے والے کارکنان اپنے اپنے مفوضہ کاموں پر موجود تھے۔ دونوں طرف سے افراد جماعت حضور انور کو السلام علیکم پیارے حضور کی آوازیں بلند کر رہے تھے۔ بعض خوش نصیبوں کو حضور انور سے مصافحہ کا شرف بھی حاصل ہوا۔ انتظامات کے معائنہ کے بعد حضور انور نے کارکنان سے خطاب فرمایا۔ مکرم محمد احمد وردی صاحب نے سورۃ الملک کی آیات 1تا5 کی تلاوت کی اور مکرم نثار آرچرڈ صاحب نے ان آیات کا انگلش ترجمہ پیش کیا۔

خطاب حضور انور

اللہ کے فضل سے ہر سال جلسہ کے انتظامات میں بہتری پیدا ہوتی چلی جارہی ہے اور اب تو انتظامات جو انسانی کوششوں کے لحاظ سے ہو سکتے ہیں (گو کہ گنجائش موجود رہتی ہے ہر وقت) میرے خیا ل میں انتظامات ایسے ہیں کہ ان کو بہترین انتظامات میں سے کہا جا سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام کارکنان بڑی محنت سے ہر شعبے میں کام کرنے والے ہیں اب تو لگتا ہے کہ جیسے اس شعبے کی ان کو خاص ٹریننگ دی گئی ہو۔
یہ انتظامات صرف ایک فکر مجھے ڈالتے ہیں کہ کہیں کام کرنے والوں کو یہ خیال نہ آجائے کہ اب ہمارے کام ہمارے انتظامات ایسے پرفیکٹ ہو گئے ہیں کہ مزید گنجائش موجود نہیں ہے یا اب ہمیں ایسی محنت کی ضرورت نہیں ہے یا دعا کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمیشہ یاد رکھیں چاہے جتنی مرضی پرفیکشن آپ کے کاموں میں پیدا ہوجائے۔ یہ سب اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہے۔ اس لئے ڈیوٹی کرتے ہوئےاپنے کام کے دوران اللہ تعالیٰ کو کبھی نہ بھولیں اس کا شکر گزار بنتے رہیں اور دعا بھی کرتے رہیں کہ یہ انتظامات جو انسانی کوشش کے لحاظ سے ہم نے کئے ہیں جو ہمارے خیال میں بہترین انتظامات ہیں۔ ان میں اللہ تعالیٰ برکت ڈالے اور کہیں کوئی روک نہ پیدا ہو۔
ہمیشہ یاد رکھیں انسانی کوششیں جتنی بھی ہوں بغیر اللہ تعالیٰ کی مدد اور اس کے فضل کے کامیاب نہیں ہوسکتیں۔ اور ہماری جو کوششیں ہیں یا ہمارے جو کام ہیں۔ خاص طور پر جلسہ سالانہ کے انتظامات تو ہم کر ہی اس لئے رہے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے ارشاد کے مطابق جو اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو فرمایا۔ جلسے کا انعقاد ہو رہا ہے۔ اور جلسے کا انعقاد خالص اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت سے ہو رہا ہے۔ اس لئے اسے بیشک کامیاب کرنے کے لئے ہم کام کریں یا نہ کریں کم کریں یا زیادہ کریں۔ لیکن یہ اللہ تعالیٰ نے اپنے ذمے لی ہوئی ہے اور یہ کام ہوتا چلا جائے گا لیکن ہمیں اس کام میں ثواب کا حصہ دار بننا ہے۔ تو ہمیں ہمیشہ خدا تعالیٰ کو یاد رکھنا چاہئے تاکہ وہ تائیدات اور فضائل جو اس جلسے سے منسلک ہیں ان میں ہم بھی حصہ دار بنتے چلے جائیں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو توفیق عطا فرمائے کہ بہتر رنگ میں کام کرتے چلے جائیں۔
کبھی اپنے کاموں میں اپنی نمازوں کو جو ہمیشہ فائزتر ہیں اپنے کام کے دوران اگر نماز کا وقت آگے پیچھے ہو جاتا ہے تب بھی ڈیوٹی ختم ہو یا ڈیوٹی کرنے سے پہلے نمازوں کی ادائیگی کا انتظام ہونا چاہئے۔ افسران شعبہ جات جیسا کہ میں ہر دفعہ یاددہانی کرواتا ہوں اب بھی کہوں گا کہ وہ اس بات کی نگرانی کریں۔ اللہ تعالیٰ ہر لحاظ سے بہتر رنگ میں احسن انداز میں خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
خطاب کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے دعا کروائی۔

image_printپرنٹ کریں