skip to Main Content
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز    کی مصروفیات
  • مورخہ11تا 17 جنوری 2019ءکے دوران حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی گوناگوں مصروفیات کے علاوہ دیگر امورکی ایک جھلک ہدیۂ قارئین ہے: 
  • حضورِ انورایدہ اللہ بنصرہ العزیز مورخہ 8 جنوری 2019ء بروز منگل کو نمازِ مغرب کے بعد مسجد فضل سے واپس تشریف لے جاتے ہوئے جمادی الاوّل 1440 ہجری شمسی کے چاند کو دیکھ کر کھڑے ہو گئے اور سنّتِ نبوی کی پیروی میں دعا کی۔
  • 11 جنوری بروز جمعۃ المبارک :(مسجد بیت الفتوح) حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جو ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں نیز یوٹیوب اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعہ ساری دنیا میں سنا اور دیکھا گیا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں اطاعت اور اخلاص و وفا کے پیکر دو بدری اصحاب نبویؐ کی سیرتِ مبارکہ کا تذکرہ فرمایا۔ نیز امریکہ کی ایک بہت پرانی، نیک،مخلص بزرگ احمدی خاتون سسٹر عالیہ شہید احمد اہلیہ مکرم احمد شہید صاحب کی وفات پر ان کا ذکرِ خیر فرمایا اور نمازِ جمعہ کے بعد اُن کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔
  • دنیا بھر کے مختلف علاقوں میں مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے احباب کے استفادہ کے لئے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات جمعہ و خطابات کا باقاعدگی کے ساتھ اردو کے علاوہ سات زبانوں میں رواں ترجمہ ایم ٹی اے پر براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔ ان زبانوں میں عربی، انگریزی، بنگلہ، جرمن، فرنچ، سواحیلی اور انڈونیشین شامل ہیں۔ جبکہ ایم ٹی اے افریقہ پر الگ سے انگریزی کے افریقی لہجہ (accent) میں بھی ترجمہ نشر کیا جاتا ہے۔
  • 12جنوری بروز ہفتہ: حضورِ انور نے مسجد فضل لندن میں مکرمہ شریفاں بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری عنایت اللہ صاحب مرحوم (Earlsfield، لندن) اور مکرمہ تسنیم شیخ صاحبہ بنت مکرم چوہدری محمود احمد صاحب (راولپنڈی) کی نمازِ جنازہ حاضر پڑھائی۔ حضورِ انور نے نمازِ جنازہ سے قبل اپنے آفس میں مرحومین کے پسماندگان کو ملاقات سے نوازا۔ اس حاضر جنازہ کے ساتھ حضور انور ایدہ اللہ نے تین مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب بھی پڑھائی۔
  • دیگر دفتری ملاقاتوں کے علاوہ آج شاہدین 2018ء جامعہ احمدیہ کینیڈا کی حضورانور کے ساتھ اجتماعی ملاقات بھی ہوئی۔
  • حضور انور نے نماز مغرب کے بعد اپنے دفتر سے دعاؤں کے ساتھ عزیزہ تہمینہ رزاق بنت مکرم عبد الرزاق صاحب کی رخصتی فرمائی۔ عزیزہ کی شادی مکرم حماد احمد مبین صاحب (مربی سلسہ دفتر PS لندن) کے ساتھ طَے پائی ہے۔
  • 13جنوری بروز اتوار: آج دفتری ملاقاتوں کے علاوہ کینیڈا سے آئے ہوئے نومبائعین کے ایک وفد نے حضور انور سے ملاقات کا شرف حاصل کیا۔
  • نمازِ ظہر و عصر کے بعد حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن میں درج ذیل2 نکاحوں کا اعلان فرمایا اور ان نکاحوں کے بابرکت ہونے کے لئے دعا کروائی۔ بعد ازاں تمام فریقین کو شرف مصافحہ بخشا اور مبارکباد دی۔      
  • 1۔ عزیزہ عیشہ خورشیدبنت مکرم انور خورشید صاحب (ہالینڈ) ہمراہ مکرم سید عدنان شاہ صاحب ابن مکرم سید فہیم احمد شاہ صاحب مرحوم۔2۔ عزیزہ ثانیہ ناصر باجوہ بنت مکرم ناصر آفتاب باجوہ صاحب (لندن) ہمراہ مکرم ارسلان احمد بھٹی صاحب (واقفِ نو) ابن مکرم مبارک احمد بھٹی صاحب (جرمنی)۔
  • آج شام کو فیملی ملاقاتوں کے بعد حضورِ انور مکرم حماد احمد مبین صاحب (مربی سلسہ دفتر PS لندن) اور عزیزہ تہمینہ رزاق بنت مکرم عبد الرزاق صاحب کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے لئے مسجد ’بیت الفتوح‘ تشریف لے گئے۔ حضورِ انور نے نمازِ عشاء مسجد بیت الفتوح میں پڑھائی اور دعوتِ ولیمہ میں شرکت فرمائی۔
  • 14جنوری بروز سوموار: آج دیگر دفتری ملاقاتوں کے علاوہ شاہدین 2018ء جامعہ احمدیہ یوکے کی حضورانور کے ساتھ اجتماعی ملاقات بھی ہوئی۔

ملاقات حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

  • اس ہفتہ کے دوران حضورِ انور نے چار روز دفتری جبکہ چھ روز ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ متعدد افسرانِ صیغہ جات، بعض ممالک کی ذیلی تنظیموں کے صدور اور دیگر احباب نے حضورِ انور سے اپنی دفتری ملاقاتوں میں ہدایات اور رہنمائی حاصل کی۔
  • اس ہفتہ کے دوران106فیملیز اور67احباب نے انفرادی طور پرحضورِ انور سے شرفِ ملاقات کی سعادت پائی۔اپنے آقا سے ملاقات کے لئے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق 17؍ ممالک سے تھا جن میں امریکہ، کینیڈا، جرمنی، سویڈن، ناروے، پاکستان، تنزانیہ، سیرالیون، ٹرینیڈاڈ، ازبکستان، بنگلہ دیش، انڈیا، اٹلی، فرانس، آئرلینڈ، یوکے اور ایک عرب ملک شامل ہیں۔

اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ

وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل)

image_printپرنٹ کریں