skip to Main Content
(محمد کولمبس خاں ۔ نمائندہ گلدستہ جرمنی) بیت الحبیب کیل ،جرمنی میں سابق صدر جماعت کے اعزاز میں ظہرانہ

جماعت احمدیہ کیل کے صدر کے طور پر مکرم محسن ملک کو اللہ تعالیٰ نے قریباً 12سال خدمت کی توفیق بخشی۔اس دوران جماعت کیل کو خدمتِ دین کے میدان میں یک جہتی کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ مورخہ 29 ستمبر 2019ء کی شام کو نئے صدر جماعت مکرم منصور احمد نے ان کے اعزاز میں ‘‘بیت الحبیب ’’میں ایک ظہرانہ کی تقریب کا انعقاد کیا۔ پروگرام حسبِ معمول تلاوت قرآن مجید سے پونے ایک بجے شروع ہوا جس کے بعد مکرم حسیب احمد گھمن مربی سلسلہ کیل نے اس اعزازی تقریب کے انعقاد کے پسِ منظر پر روشنی ڈالی اور عہدیداران کو دین کے کاموں میں تعاون کرتے رہنے کی تلقین فرمائی ۔ بعدہٗ مکرم منصور احمد صدر جماعت نے جماعت احمدیہ کیل کے گزشتہ سالوں میں ہونے والے دینی پروگراموں سے متعلق ایک پریزینٹیشن پیش کی اور نئے پروگراموں کے لئے احباب جماعت کو بڑھ چڑھ کر حصّہ لینے کی تحریک کی ۔ مکرم محسن ملک نے اپنے عرصہ خدمت کے دوران تمام دوستوں کے محبت بھرے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور دینی کاموں میں جذبہ اخوّت کو اور زیادہ مستحکم کرنے کی احباب جماعت کو تاکید کی
اس تقریب میں مکرم لئیق احمد منیر مربی سلسلہ ہمبرگ بھی تشریف لائے جنکی جرمنی میں پہلی تقرری کے بعد ستر کی دہائی میں یہاں باقاعدہ جماعت کا قیام عمل میں آیا۔ مکرم چوہدری نور الدین سابق ریجنل امیر شلیسویگ ہولسٹائین بھی مدعو تھے۔ دونوں بزرگان نے کیل کے احباب جماعت کے جذبہ خدمتِ دین کو سراہا اور اس کو قائم رکھنے کی تلقین فرمائی۔ محترم لئیق احمد منیر صاحب نے اختتام پر دعا کروائی جس کے بعد حاضرین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا جن کی تعداد 129 تھی۔
جماعت احمدیہ کیل خوش نصیب ہے کہ 2005ء میں ہمارے پیارے امام ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہِ العزیز نے ازراہِ شفقت بیت الحبیب میں ہی افتتاح کے موقع پر قیام بھی فرمایا تھا۔

image_printپرنٹ کریں