skip to Main Content

الحمدللہ جماعت احمدیہ بوسنیا کو مورخہ 31۔اگست2019ء کو ساتویں ایک روزہ تربیتی ریلی منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس پروگرام میں دینی و تربیتی پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات منعقد کروائے جاتے ہیں۔ یہ پروگرام جہاں احمدی افراد کے لئے دینی علم میں مسابقت کی روح پیدا کر رہا ہے وہاں گزشتہ چھ سالوں سے غیرازجماعت زیر تبلیغ دوستوں کو جماعت کے مزید قریب لانے کا باعث بن رہا ہے۔
اس ریلی کے انچارج مکرم رانا منور احمد مبلغ سلسلہ کروشیا تھے۔ اس پروگرام میں شمولیت کی غرض سےاحمدی افراد کے علاوہ غیرازجماعت خواتین، مرد اور بچے بھی مدعو کئے گئے تھے۔ علمی وورزشی مقابلہ جات میں شمولیت کے لئے اطفال، خدام، انصار، ناصرات اور لجنہ کے الگ الگ گروپس تیار کئے گئے تھے۔ علمی مقابلہ جات میں حسن قرأت، نظم خوانی اور تحریری امتحان دینی معلومات شامل تھے۔ جس کا نصاب تیار کر کے پہلے ہی دے دیا گیا تھا۔ ورزشی مقابلہ جات میں رسہ کشی (برائے مرد حضرات)، نشانہ بازی اور مشاہدہ معائنہ شامل تھے۔صبح 10:30بجے علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ پھر نماز اور کھانے کا وقفہ ہوا۔ 3بجے ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔
اختتامی اجلاس اور تقریب تقسیم انعامات کی صدارت مکرم وسیم احمد سروعہ مبلغ سلسلہ مقدونیہ نے کی نیز مکرم زبیر خلیل ریجنل چیئرمین ہیومینیٹی فرسٹ بلقان بھی بطور مہمان خصوصی موجود تھے۔ تلاوت قرآن کریم اور عربی قصیدہ کے بعد علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن لینے والوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ نیز خواتین کے حصہ میں الگ تقریب تقسیم انعامات کا انتظام تھا۔ بعدازاں صدر مجلس نے مختصر تقریر کی اور دعا کروائی۔ اس پروگرام کی کل حاضری 90تھی۔

image_printپرنٹ کریں